مالیگاؤں( ہم بھارت ) شہر مالیگاؤں میں نشہ بہت زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نوجوان نسل بڑی تعداد میں اس کا شکار ہورہی ہے۔ بار بار اس تعلق سے آواز اٹھتی ہے لیکن اثر کچھ نہیں ہوتا۔ آخر کیا وجہ ہے کہ پولیس ڈپارٹمنٹ شہر میں نشیلی اشیاء پر روک لگانے سے قاصر ہے؟ کیا پولیس ڈپارٹمنٹ کو پتہ نہیں کہ شہر میں نشیلی اشیاء کی خرید وفروخت کون اور کہاں سے کرتا ہے؟ آخر کب اس پر قدغن لگے گا ؟ شہر میں نوجوان طبقہ بڑی تیزی سے نشہ آور چیزوں کا شکار ہورہا ہے جس کی وجہ سے روز بروز جرائم میں اضافہ بھی ہورہا ہے۔ نہ جانے کتنے گھر اجڑ رہے ہیں، نہ جانے کتنوں کی زندگی برباد ہورہی ہے۔
شہر میں نشہ پر قابو پانے کے لئے سماجی افراد اپنے طور پر کوشش کرتے رہتے ہیں۔ اس سلسلے میں مالیگاؤں شہر مسلم انّتی سیوا فاؤنڈیشن کی جانب 13 مارچ 2022 کو نشہ مکت کیمپ کا انعقاد ہوگا۔ اس کیمپ میں نشے کے شکار افراد کا معائنہ کرنے کے بعد نشہ چھڑانے کی مفت دوا دی جائے گی۔ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے بتایا کہ اس کیمپ میں ایسے افراد کو ضرور بھیجیں جو نشے کے عادی ہیں۔ یا آپ کے گھر یا تعلقات میں کوئی شخص نشے کا عادی ہے تو آپ اس کے لئے بھی دوا لیجا سکتے ہیں۔ اس دوا کے استعمال سے نشے کا عادی نوجوان نشہ کرنا چھوڑ دیگا۔
نشہ مکت میڈیکل کیمپ 13 مارچ 2022 بروز اتوار صبح 10 سے 5 بجے تک سلامت اللہ مسجد کے بازو میں ارقم فنکشن ہال 60 فٹی روڈ رحمت آباد مالیگاؤں میں ہوگا۔