اندور کے کھجرانہ کی درگاہ پر پہنچے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے قومی ترجمان وارث پٹھان کے چہرے پر ایک شخص نے کالک پوچھ دیا۔ اس واقعہ کے بعد وہ شخص وہاں سے فرار ہوگیا۔ تاہم پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ دراصل، منگل کو اندور اے آئی ایم آئی ایم کے قومی ترجمان وارث پٹھان اپنی پارٹی کے حامیوں کے ساتھ کھجرانہ میں واقع نہرشاہ ولی سرکار کی درگاہ پہنچے۔ جہاں وارث پٹھان نے سب سے پہلے درگاہ شریف میں چادر چڑھائی۔
اس کے بعد نامعلوم شخص نے وارث پٹھان کے چہرے پر کالک رگڑ دیا۔ اس سے پہلے کہ وہاں موجود لوگ کچھ سمجھ پاتے نوجوان موقع سے فرار ہوگیا۔ تاہم کھجرانہ پولیس نے ملزم کو بروقت گرفتار کرلیا۔
کھجرانہ تھانے کے انچارج دنیش کمار ورما کے مطابق نوجوان کھجرانہ کی پٹیل کالونی کا رہنے والا ہے جس کا نام صدام عزیز پٹیل اور عمر 30 سال ہے۔ وہ پیشے سے مزدوری کرتا ہے۔ اس سے ابتدائی پوچھ گچھ میں اس نے بتایا کہ میں اس شخص کو پسند نہیں کرتا۔ ہمیشہ ملک دشمن باتیں کرتے رہتے ہیں اور مسلم سماج کو بدنام کرتے ہیں۔ فی الحال پولیس نے کالک ڈالنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس اس سے پوچھ گچھ بھی کر رہی ہے کہ آیا اس کا کسی پارٹی سے تعلق تو نہیں ہے۔
اسی دوران اے آئی ایم آئی ایم کے قومی ترجمان وارث پٹھان نے اپنے چہرے پر کالک لگانے کے معاملے میں کہا، 'میں درگاہ پر چادر چڑھانے گیا تھا۔ اس دوران نا معلوم شخص نے کہا تھا کہ تمہارے چہرے پر کاجل لگانا ہے تاکہ تمہیں کسی کی نظر نہ لگے۔ وارث پٹھان نے الزام لگایا کہ یہ سب کانگریس پارٹی کر رہی ہے اور کچھ نہیں۔