مالیگاؤں (ہم بھارت) 8 جنوری 2022 کو مالیگاؤں شہر میں ماحول کچھ گرم رہا اور مختلف چوک چوراہوں پر عبدالمالک و خلیل دادا کو لیکر مختلف چرچہ جاری رہا۔ حاصل تفصیلات کے مطابق ناسک ضلع ایم آئی ایم صدر عبدالمالک یونس عیسی اور شیخ رشید کے بھائی ، شیخ خلیل شیخ شفیع( خلیل دادا ) کے درمیان مالدہ شیوار علاقہ میں زمین کے معاملے پر تازعہ پیدا ہوگیا اور پھر بحث و تکرار ہوئی جس کی وجہ سے دونوں گروپ کے حامی آپس میں ایک دوسرے سے الجھ گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ متنازعہ زمین پر موجود پترے کے شیڈ کو خلیل دادا کی جانب سے جے سی بی مشین سے تہس نہس کر دیا گیا۔
اس معاملے کو لیکر رات دیر گئے ایس پی سچن پاٹل کا ہنگامی دورہ بھی ہوا ۔
اس ضمن میں پوار واڑی پولس اسٹیشن میں درج مقدمہ کی تفصیلات کے مطابق موقع واردات پر دونوں فریقین کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی لیکن خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اس دوران واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس چندرکانت کھانڈوی نے اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر حاضری لگائی اور پوار واڑی پولس اسٹیشن کو درکار قانونی کارروائی کا حکم دیا ۔
اس سلسلے میں پوار واڑی پولس اسٹیشن میں اسلام آباد گھر نمبر 794/19/20 مالیگاؤں کے ساکن 38 سالہ عبدالمالک محمد یونس عیسی نے شکایت درج کرائی کہ ملزمین نے ہماری زمین پر غیر قانونی طریقے سے داخل ہوکر پترے کے شیڈ کو جے سی بی مشین سے توڑنا شروع کردیا تب فریادی نے کہا کہ آپ لوگ پترے کا شیڈ کیوں توڑ رہے ہیں؟ اس پر ملزمین نے کوئی جواب نہیں دیا بلکہ اس بات پر فریادی کو جان سے مارنے کی کوشش کی اور ہاتھوں میں تلوار، کلہاڑی، چوپر اور چھوٹی بندوق لیکر جان سے مارنے کے مقصد سے فائرنگ کردی۔ پوار واڑی پولس اسٹیشن نے عبدالماک یونس عیسی کی فریاد پر ملزم خلیل دادا ، احسان شیخ رمضان ساکن مالیگاؤں، دیپک پوار مالیگاؤں ،ہیمنت جگتاپ ساکن ناسک ،راجیش جوشی ساکن ناسک اور نامعلوم جے سی بی ڈرائیور کے خلاف گناہ رجسٹرڈ نمبر 3/2022 ،قلم 307،143،147،149،427 اور آرم ایکٹ 325، 425 اور 257 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔اس مقدمہ کی تحقیقات پی آئے بھوئی کررہے ہیں۔
وہیں دوسری جانب اس معاملے میں رویندر رمیش جوشی (48) کاروبار کھیتی باڑی ساکن برہمن گلی رکشا اسٹاف کے پاس مالیگاؤں نے پوار واڑی پولس اسٹیشن میں فریاد دیتے ہوئے پولس کو بتایا کہ مالدہ شیوار گٹ نمبر 153 /157 میں فریادی کی ملکیت کی زمین پر صاف صفائی اور زمین کی پیمائش کرنے کیلئے فریادی اور گواہ گئے تب پی ملزمین نے غیر قانونی طور پر ہجوم جمع کرکے ہاتھوں میں لاٹھی کاٹھی اور دیگر ہتھیار لیکر فریادی اور گواہ کیساتھ گالی گلوچ و دھکا بھکی کی اور دیسی پستول سے فائرنگ کرتے ہوئے جان سے مارنے کی کوشش کی ۔اس معاملے میں پوار واڑی پولس اسٹیشن نے رویندر جوشی کی فریاد پر گناہ رجسٹرڈ نمبر 4/2022 ،قلم 307،143،147،149،504اور 506، آرم ایکٹ 325 ،257 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تحقیقات اے پی آئے پی آر کالے کررہے ہیں۔جبکہ اس معاملے میں اب تک چار افراد کو پولس نے گرفتار کیا ہے۔جن میں احسان شیخ رمضان ، عبدالماک یونس عیسی ،دیپک پوار اور رویندر جوشی کا نام گرفتار شدگان میں شامل ہیں۔