ٹی ای ٹی امتحان میں ’منا بھائی اسٹائل‘ ، بلیو ٹوتھ کی مدد سے نقل نویسی
گوندیا : ۲۲ نومبر (ہم بھارت) جیسے جیسے امتحانی نظام جدید تر ہوتا جا رہا ہے، نقل کرنے کا طریقہ بھی مسلسل بدل رہا ہے۔ اس سے قبل بھی ٹی ای ٹی امتحانات کو کامیاب کروانے کے نام پر لاکھوں روپیہ کی بولی و کرپشن کا الزام بھی لگ چکا ہے ۔ٹی ای ٹی امتحانات میں زیادہ طلبہ کس طرح کامیاب ہوئے اس سوال پر ناسک ایجوکیشن محکمہ میں پہلے سے ایک شکایت درج ہے اور اب گوندیا میں ٹی ای ٹی کے امتحان میں مستقبل کے استاد نے فلم منا بھائی کے انداز میں نقل نویسی کی واردات انجام دی ۔مستقبل کے اس استاد نے بلوٹوتھ کی مدد سے پیپر حل کیا۔ لیکن جیسے ہی سپروائزر نے اس پر دھیان دیا فوری طور پر اس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ آج پوری ریاست میں اساتذہ کی اہلیت کا امتحان لیا جا رہا ہے اور گوندیا ضلع میں کئی مقامات پر امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ گوندیا کے سنت تکارام سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول کے امتحانی مرکز کے کمرہ نمبر 5 میں، ایک ممکنہ استاد کو بلیو ٹوتھ کے ذریعے پرچہ حل کرتے ہوئے ممتحن نے پکڑ لیا۔ اس واقعہ کی چوطرفہ مذمت کی جارہی ہے۔