نئی دہلی : مرکزی جانچ ایجنسی سی بی آئی نے ہندوستانی آبدوز کی جدیدکاری سے متعلق اہم معلومات کے افشا کے معاملہ میں ایک بڑی کارروائی کو انجام دیتے ہوئے کل پانچ ملزمین کو گرفتار کیا ہے ۔ سی بی آئی کے ذریعہ گرفتار ملزمین میں ایک بحریہ میں کمانڈر رینک کا افسر بھی شامل ہے ۔ اس کے ساتھ ہی اس معاملہ میں گرفتار چار دیگر ملزمین میں سے دو بحریہ کے ریٹائرڈ افسر اور دو دیگر پرائیویٹ لوگ شامل ہیں ۔ اس سنسنی خیز معاملہ میں سی بی آئی نے تابڑتوڑ کارروائی کرکے ملک کے کئی شہروں میں چھاپے مارے اور اہم دستاویزات اور ثبوتوں کو اپنے قبضہ میں لے لیا ۔
سی بی آئی کے افسر کے مطابق گزشتہ کچھ مہینے پہلے سی بی آئی کو بحریہ کے ایک نامعلوم افسر کے ذریعہ تحریری طور پر ایک اطلاع ملی تھی ، جس میں اس بات کا تذکرہ کیا گیا تھا کہ سیکورٹی انتظامات میں تعینات کچھ آبدوزوں کی جدیدکاری سے متعلق کافی اہم معلومات کو بحریہ میں کام کررہے کچھ افسران ، سابق افسران سمیت کئی پرائیویٹ لوگوں کے درمیان آپس میں سانٹھ گانٹھ کرکے پیسوں کی لالچ میں اس طرح کی ملک مخالف سرگرمیوں کو انجام دیا جارہا تھا ۔جانچ ایجنسی سی بی آئی کے افسر کے مطابق اس معاملہ میں تفیش کیلئے آنے والے دو ہفتوں تک سی بی آئی کئی لوگوں سے پوچھ گچھ کرنے والی ہے ، جس دوران ابھی بھی کئی ملزمین کی گرفتاری ممکن ہے ۔