یو پی ایس سی کامیاب عاصم کفایت خان نے اردو میں دیا تھا امتحان اور انٹرویو
دھولیہ سے ہجرت کرنے کے بعد حج کمیٹی ممبئی اور پھر جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں ملی کامیابی
عاصم خان دھولیہ شہر کے پہلے مسلم طالب علم ہیں جنھوں نے یو پی ایس سی کامیاب کیا
منزل کی تمنا ہے تو کر جہد مسلسل خیرات میں یوں چاند ستارے نہیں ملتے
اسپیشل اسٹوری (ایس این انصاری, فری لانس رائٹر ) منزل انہی کو ملتی ہےجن کےسپنوں میں جان ہوتی ہے. پروں سے کچھ نہیں ہوتا حوصلوں میں اڑان ہوتی ہے. انڈین سول سروسیس میں بطور اعلیٰ آفیسر انتخاب ایک سنہرے خواب سے کم نہیں اور اس عہدے پر فائز ہونے کیلئے مشکل ترین مرحلہ یو پی ایس سی امتحان سے گزرنا پڑتا ہے.
یونین پبلک سروس کمیشن امتحان میں اس مرتبہ ایک اردو میڈیم کے طالب علم "عاصم کفایت خان" نے کامیابی حاصل کی. ریاست مہاراشٹر کا شہر دھولیہ جو مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں سے پچاس کلومیٹر اور ممبئی سے تین سو بیس کلومیٹر پر واقع ہے. عاصم خان اس دھولیہ شہر کے پہلے مسلم طالب علم ہیں جنھوں نے یو پی ایس سی سال 2021 کامیاب کیا. انھیں آل انڈیا لیول پر 558 رینک اور آئی آر ایس کیلئے منتخب کیا گیا.
عاصم خان نے بتایا کہ ان کی پیدائش دھولیہ شہر میں ہوئی اور ان کے والد کفایت خان اور والدہ محترمہ سرکاری اسکول میں ٹیچر ہیں. موصوف نے ابتدائی تعلیم اردو میڈیم سے دسویں تک اور بارہویں سائنس دھولیہ کے معروف تعلیمی ادارہ ایل ایم سردار سے مکمل کی. بعد ازاں جلگاؤں کی انجینئرنگ کالج سے بائیوٹک انجینئرنگ میں ڈگری سال 2014 میں مکمل کی.
یوپی ایس سی کی رہنمائی و تیاری موصوف نے دسویں جماعت سے ہی شروع کر دی تھی. انھوں نے بتایا کہ یو پی ایس سی کامیاب کرنا ان کیلئے ایک بہت اہم مقصد تھا تاکہ وہ سماجی و تعلیمی شعبوں میں بدلاؤ لاسکے. انھوں نے یوپی ایس سی امتحان پانچویں مرتبہ میں کامیاب کیا. اس سے پہلے پرلیم امتحان تین مرتبہ, مینس امتحان دو مرتبہ اور انٹرویو دو مرتبہ دیا. لیکن کبھی ہار نہیں مانی اور نہ ہی مایوسی کو اپنے قریب آنے دیا بالآخر کامیابی نے ان کے قدم چومے. انھوں نے یو پی ایس سی میںنس امتحان اور انٹرویو اردو میں دیا.
عاصم خان نے اپنی روداد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2015 سے وہ دھولیہ شہر میں باقاعدہ یوپی ایس سی امتحان کی تیاری میں لگ گئے. سیلف اسٹڈی کرتے رہے اور اسی سال حج کمیٹی ممبئی کا انٹرنس امتحان کامیاب کیا اور ممبئی روانہ ہوگئے. بعد ازاں جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کوچنگ سینٹر کا امتحان دیا اور سال 2017 سے 2019 تک کوچنگ جاری رہی. اس مقام پر پہنچنے کے بعد واپس مڑنے کا فیصلہ نہ لیا بلکہ مسلسل انتھک محنت و جدوجہد سے انھیں یوپی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل ہوئی.