نئی دہلی : قومی دار الحکومت دہلی سرکل میں ریلائنس جیو کے اپنے نیٹ ورک میں صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہوچکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریلائنس جیو دہلی سرکل میں 2 کروڑ سے زیادہ صارفین والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا کے حالیہ اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے۔ دہلی سرکل میں ریلائنس جیو کے صارفین کی کل تعداد جون 2021 میں دو کروڑ ، ایک لاکھ، بتیس ہزار سے زیادہ تھی۔
ٹرائی کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی سرکل میں 5 کروڑ 44 لاکھ سے زیادہ موبائل صارفین ہیں، جن میں سے 2 کروڑ سے زیادہ ریلائنس جیو کے نیٹ ورک سے وابستہ ہیں۔ بھارتی ایئرٹیل کے صارفین کی تعداد تقریبا ایک کروڑ 62 لاکھ ہے، جبکہ ووڈا -آئیڈیا ایک کروڑ 59 لاکھ صارفین کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔جون کے مہینے میں ریلائنس جیو نے دہلی سرکل میں 1.5 لاکھ سے زیادہ صارفین کو شامل کرکے سرفہرست رہی ہے۔ ایئر ٹیل 86 ہزار صارفین کو شامل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔ جبکہ تقریبا 52 ہزار صارفین نے ووڈا آئیڈیا کا نیٹ ورک چھوڑ دیا۔ دہلی سرکل میں صارفین کا خالص اضافہ ایک لاکھ 84 ہزار کے قریب تھا۔
قومی سطح پر بھی ریلائنس جیو نے اپنی بالادستی برقرار رکھی ہے۔ ٹرائی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جون کے مہینے میں ریلائنس جیو نے 54 لاکھ 66 ہزار سے زیادہ صارفین کو جوڑا ہے ۔ ووڈا آئیڈیا نے 42 لاکھ، 89 ہزار سے زائد صارفین کھودئے ہیں، جبکہ بھارتی ایئر ٹیل نے 38 لاکھ سے زیادہ صارفین کو اپنے نیٹ ورک میں شامل کیا ۔