مالیگاؤں: سینٹرل کا برا حال اور آوٹر میں ترقی کا بول بالا
مدنی نگر روڈ پر تین ماہ سے جمع پانی بنا پریشانی کا باعث : ایم ڈی ایف کا ہنگامی دورہ عوامی نمائندوں کی ناکارہ نمائندگی اور کارپوریشن انتظامیہ کی کاہلی سے عوام بیزار
مالیگاؤں (ہم بھارت) بارش کے ایام میں شہر کی ترقی کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کا سچ سامنے آہی جاتا ہے۔ ماہ جون اور جولائی گزر جانے کے بعد اگست میں بھی شہر کے اطراف و اکناف اور کچے علاقوں کا برا ہی حال ہے۔ شہر کی خستہ حالی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ برسات کے بعد بھی گٹر کا پانی سڑکوں پر مہینوں جمع رہتا ہے.
مدنی نگر مین روڈ پر گذشتہ تین مہینوں سے بارش اور گٹر کا پانی جمع ہے۔ پورے روڈ تالاب کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔ جو کہ پریشانی کا باعث ہے۔ مقامی رہائشی لوگوں نے عوامی نمائندوں, پربھاگ ادھیکاری اور کارپوریشن انتظامیہ کو اس کی کئی بار شکایت کی لیکن معاملہ حل نہیں ہوا۔ اس لئے گذشتہ روز مدنی نگر, اشرف تڑوی نگر, جمہور نگر, پاشو نگر, اسلامیہ کالونی اور عثمان آباد کے نوجوانوں نے مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کےمتحرک نوجوانوں سے رابطہ قائم کیا۔ ایم ڈی ایف کے فعال اراکین نے اس علاقہ کا دورہ کیا.
احتشام بیکری والا (صدر, ایم ڈی ایف) نے کہا کہ تڑوی نگر اور مدنی نگر کے درمیان روڈ کے کام کو لیکر وارڈ پربھاگ اور کارپوریشن میں عملی طور سے کام کریں گے۔ انھوں نے کہا معاملہ کو حل کرنے کیلئے دھرنا بھی دینگے اور کمشنر کو اس علاقہ دورہ کرنے کیلئے مدعو کرینگے۔
رئیس عثمانی (فعال رکن, ایم ڈی ایف) نے کہا کہ اگر شہر کے عوام شہر کے نمائندے سے شکایت یا سوال کرتی ہے تو شہر کا ناکام منتخب نمائندہ اسے کارپوریشن کی ذمہ داری بتا دیتا ہے. یا پھر ادھر ادھر کی باتیں بنا کر رفع دفع کر دیتا ہے. عوام کے مسائل حل کرنا تو دور، عوام کی بات ہی نہیں سنی جاتی ہے۔
واضح رہے یہ وہی وارڈ ہے جہاں سے کسی مفاد پرست ایم ایل اے نے خواتین کیلئے بیت الخلاء بنوانے کے نام پر ووٹ مانگا تھا. بعد ازاں کسی اور ایم ایل اے نے جمہوراسکول کے پاس اوپن اسپیس پر بستی بسا دی۔ تڑوی نگر غریبوں کی بستی ہے اور مدنی نگر سے جوڑنے والی روڈ سرے سے غائب ہے. اس روڈ سے اسکولی طلبہ, مدارس کے بچے, برقعہ پوش خواتین, بزرگ حضرات اور سینکڑوں راہگیروں کا گزر ہوتا ہے. اس روڈ سے گرزتے وقت بہت تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے. میت و جنازہ لے جانے میں جان نکل جاتی ہے. روزانہ حادثات ہوتے رہتے ہیں.
صابر ماسٹر موبائل والے (جنرل سیکرٹری, ایم ڈی ایف) نے بتایا کہ مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ شہر کے ترقی پسند نوجوانوں کی تنظیم ہے. گذشتہ دو سالوں سے سماجی و شہری بنیادی مسائل کو حل کرنے کیلئے زمینی سطح پر عملی طور پر کام انجام دے رہی ہے. فرنٹ کی سرگرمیوں کو دیکھ مقامی سیاست میں بے چینی صاف نظر آ رہی ہے.فرنٹ کے کاموں سے لگتا ہے کہ برسر اقتدار , برائے نام حزب اختلاف سیاسی جماعتوں اور کارپوریشن مافیاؤں کیخلاف اپوزیشن کا اہم کردار نبھا رہی ہے. آئندہ کارپوریشن الیکشن میں فرنٹ کے نوجوان مختلف وارڈ سے امیدواری کرینگے.
اس وارڈ کے ہنگامی دورہ میں تڑوی نگر کے نوجوانوں کے ساتھ احتشام بیکری والا, صابر ماسٹر موبائل والے, رئیس عثمانی, جلال شیخ, توصیف شیخ، اشفاق شیخ اور دیگر مقامی لوگ موجود تھے.