Advertising

موہن بھاگوت نے کیا کہا اور کیوں کہا ؟

Hum Bharat
Tuesday 6 July 2021
Last Updated 2021-07-06T07:12:54Z
Premium By Raushan Design With Shroff Templates

 





سبھی بھارتی ہندو ہیں؟



دہشتگرد تنظیم آر ایس ایس کے چیف موہن بھاگوت نے بظاہر مسلمانوں کی ہمدردی والا ایک بیان دیا ہے، جس میں ماب۔لنچنگ کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے 

 اس بیان کےبعد مسلمانوں کا بھولا بھالا سیکولر طبقہ خاص طورپر بھاگوت جی، بھاگوت جی کرنے لگا ہے، اس طرح سب سے خطرناک بات جو اس بیان کےبعد نظر آرہی ہے وہ یہ کہ مسلمانوں کے درمیان " آر ایس ایس " جیسی دہشتگرد تنظیم کو معتدل، نارمل اور قابلِ استفادہ بنا کر پیش کیا جارہاہے 


کیا کہا؟

 آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کے اس بیان کا اچھے سے جائزہ لیں تو واضح ہوجاتاہے کہ، نظریاتی طورپر نیا کچھ بھی نہیں ہے، بھاگوت نے برہمنی ہندوتوا کا نظریہ ہی بیان کیا ہے 

کیونکہ اسی بیان میں بھاگوت نے بھارت کے تمام انسانوں کے دراصل " ہندو " ہونے والے منو۔وادی نظرہے کو بھی بیان کیا ہے


 آگے بھاگوت کے جس جملے کو ناسمجھ مسلمان اور بیوقوف ہندو وائرل کررہےہیں اور اسے مسلمانوں کےحق میں سمجھ رہےہیں وہ جملہ درحقیقت " ہندوتوا دہشتگردی " کی حمایت پر مبنی جملہ ہے، 

بھاگوت نے کہا ہیکہ ۔ ماب۔لنچنگ کرنے والا آدمی ہندوتو کا بندہ نہيں ہوسکتا ہے، 

اور یہ جملہ، پسند کیا جارہاہے، سمجھ میں نہیں آتا کہ لوگ ہندو۔مسلم بھائی چارے کا " چارہ " بننے کی خاطر اتنے " جذباتی " کیسے ہوجاتے ہیں، ارے بھائی بھاگوت کہہ رہاہے کہ، لنچنگ کرنے والے لوگ ہندوتوا کے افراد نہیں ہیں، اور ہم لوگ آج تک شدت کےساتھ یہی کہتے آرہے ہیں کہ سنگھی نفرتی دہشتگردی کے پیچھے اور آگے ہر جگہ ھندوتوا کے ہی غنڈے کارفرما ہیں،* یہی بات تو ہم دنیا بھر میں ثابت کرنا چاہتےہیں کہ، ھندوتوا خونریزی اور دہشتگردی کا نظریہ ہے اور اپنی دہشتگردی نافذ بھی کررہا ہے، اور بھاگوت کہہ رہاہے کہ، ہندوتوا کے ماننے والے لنچنگ نہیں کرسکتے تو، مجھے بتائیے کہ بھاگوت کا یہ جملہ آپکے حق میں کیسے ہوگیا؟ وہ تو اپنا مقدمہ لڑرہا ہے آر ایس ایس کی شبیه صاف کررہاہے آپ کاہے اڑتا تیر اپنے پر لے رہے ہو؟ 

 پھر بھاگوت نے اگلی ہی لائن میں یہ کہہ کر کہ " لنچنگ کے کئی معاملات واقع ہی نہیں ہوئے ہیں " اسطرح بھاگوت نے ماب۔لنچنگ کے ایشو کو بھي مشکوک کرنے کی کوشش کرڈالی ہے، 

 بھاگوت کی دوسری حقیقت یہ ہیکہ، ماب لنچنگ میں مسلمانوں کا خون بہانے والے ہندوتوا غنڈے اسی کی ذیلی تنظیموں کی پناہ میں ہیں ۔

اور پھر ان سب کےبعد بھاگوت نے برہمنی آر۔ایس۔ایس کا منو۔وادی فاشسٹ نظریہ بیان کیا ہے کہ، بھارت میں بسنے والے تمام لوگ ہندو ہیں، یہ نظریہ ہر قانون کےلحاظ سے غلط اور نسل پرستانہ جرم ہے، اور اسی کو ختم کرنے اسلام آیا ہے _


لیکن آپ کو یہ باتیں بھاگوت کے بیان میں نظر نہیں آئیں اور ایک خاص جملہ اٹھا کر بھاگوت جی، کی جے جے کار کرنے کی تیاری کررہے ہو۔


بھاگوت نے یہ بیان کیوں دیا؟

 اس کا سب سے اولین سبب عالمی سیاسی منظرنامہ ہے، آپکو معلوم ہونا چاہیے کہ موجودہ عالمی منظرنامہ آر۔ایس۔ایس کے لیے سازگار اور موافق نہیں ہے، خاص طورپر جب سے امریکا میں نئی حکومت آئی ہے، کیونکہ آر ایس ایس واضح طورپر شدت پسندی اور نسلی بالادستی کے لیے خون خرابے میں یقین کرنے والی جماعت ہے اسلیے جوبائیڈن کی حکومت بھارت کے سَنگھ کےخلاف ہے، لیکن اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ جوبائیڈن اسلام کے تئیں ہمدرد ہے، بلکہ وہ مسلمانوں کے لیے بھی ہمدرد نہیں، وہ بھی کٹّر طورپر اسلام دشمن ہی ہے، آر ایس ایس جیسی تنظیموں کےخلاف ہونا دراصل ان کی سیاسی اسٹریٹجی کا حصہ ہے، دو لفظوں میں اس کو یوں سمجھ لیجیے کہ، وہ مسلم ممالک میں بمباری کرتےہیں اور کافر ملکوں میں رہنے والے اقلیتی مسلمانوں کے حقوق کا نعرہ بلند کر کے حقوق انسانی اور عالمی امن کی ٹھیکیداری پر اپنی دعویداری مضبوط کیے رہتےہیں 

 حقوقِ انسانی کے معروف کارکن *پرشانت ٹنڈن لکھتے ہیں:* 

" بائیڈن امریکا کے راشٹرپتی ۔ صدر نہیں ہوتے تو بھاگوت کا یہ بیان بھی نہیں آتا، امریکا میں آر۔ایس۔ایس کو آتنک وادی تنظیم قرار دینے کے لیے مہم تیز ہورہی ہے، نائب صدرِ امریکا کملا ہارس آر۔ایس۔ایس کے سخت مخالف ہیں، نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ، سی این این، بی بی سی اور دی آسٹریلین جیسے لیڈنگ یوروپی جرائد لگاتار آر ایس ایس کو انتہاپسند متشدد تنظیم لکھ رہے ہیں "

 جی ہاں یہ بات یقینًا سچ ہے کہ بائیڈن کے اقتدار میں آجانے کےبعد سے، یوروپی دنیا میں برہمن مخالف، ہندوتوا مخالف سرکل حرکت میں آگئے ہیں ۔


 دوسری بڑی وجہ ۔ افغانستان میں اسلام پسندوں کی فتح اور مجاہدین کا اقتدار میں واپسی کرنا، اب ظاہر سی بات ہے کہ، بھارت کو اسلام پسند افغانی مجاہدین کےساتھ تعلقات بنانے ہی پڑیں گے کیونکہ افغانستان میں بھارت کا سرمایہ بھی ہے، تجارتی فائدہ بھی ہے، اور آنے والے دنوں میں گزرگاہوں کا بھی معاملہ پیش آسکتا ہے ایسےمیں ہر لحاظ سے بھارت کو جلدازجلد افغانیوں سے تعلقات بہتر کرنا ہے، جس کے ليے بھارت کی خفیہ ایجنسیاں اور خارجہ پالیسی ساز حرکت میں آچکے ہیں اور افغانیوں سے مذاکرات کی سمت بڑھ چکے ہیں، اور افغانیوں سے اگر آر ایس ایس کی سیاسی پارٹی بھاجپا کو مذاکرات کرنا ہے تو اسے سب سے پہلے اپنے اسلام دشمنی والے چہرے کو نارمل کرنا مجبوری ہے


تو یہ ہے معاملہ، بھارت کا اصل ہدف امریکا اور افغانیوں کو قریب لانا ہے، اپنے آپ کو سافٹ دکھلانا ہے

 ان دونوں عالمی منظرنامے کے اسباب کی مزید تفصیلی اور ہمہ جہت تفصیل ہوسکتی ہے،

پھر ان دونوں مرکزی اسباب کے بعد، نمبر آتا ہے اترپردیش الیکشن کا، بعض لوگ گرچہ کہتےہیں کہ، بھاگوت نے اترپردیش الیکشن کی خاطر یہ بیان دیا ہے، لیکن میری نظر میں یہ بات واقعی نہیں لگتی، میرا تجزیہ یہ ہیکہ اترپردیش کے مسلمانوں پر بھاگوت کے بیان کا کوئی اثر پڑنا نہیں ہے ناہی اس سے بھاجپا کو ہی کوئی خاص فائدہ ملنا ہے۔

یہ ہے بھاگوت کے بیان کی گراؤنڈ حقیقت، جسے میں نے آپکے سامنے زیادہ سے زیادہ مختصر کرکے پیش کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ آپ آر ایس ایس کے بہروپیوں سے چوکنا رہیں، آر ایس ایس خواہ کچھ بھی دلفریب بات کہہ لے، لیکن ہم اس کےساتھ ہرگزنہیں جاسکتے نا اس کا استقبال کرسکتےہیں وہ صرف علمبردارِ کفروشرک نہیں بلکہ ظالم استبدادی قوتوں کا ایک۔لشکر بن چکا ہے۔


 مسئلہ یہ ہیکہ لوگ آجکل آر ایس ایس جیسی تنظیموں پر تبصرہ و تجزیہ کرتے ہوئے اس کے بنیاد کی نظریاتی حقیقت کو ذہن میں نہیں رکھتے ناہی اس کے متوقع استعماری سامراج کے ہدف کو ملحوظ رکھتےہیں، اور ناہی سیاست کے عالمی منظرنامے کی روشنی میں ملکی سیاست کا دھارا سمجھنے کی کوشش کرتےہیں 

جبکہ۔ بھاگوت کے بیان پر تبصرہ کرنے سے پہلے اسے سمجھنے کی ضرورت ہے، اور سمجھنے کے لیے مطلوبہ واقفیت اور شعور بہت ضروری ہے، میں آج یہ اسلیئے کہہ رہا ہوں کہ بھاگوت کے بیان سے غلط مطلب نکال کر مسلمانوں میں غلط رجحان کو پھیلایا جارہاہے اس کو ابھی سمجھ لیجیے ورنہ جیسے آج چند مسلمان بھاگوت جی، بھاگوت جی کررہےہیں کل خدانخواستہ مسلمانوں کی بڑی تعداد خاکی چڈی پہنے ہوئے آر ایس ایس کی شاکھاؤں میں نظر آنے لگے، اللہ اس ذلت سے حفاظت فرمائے _


✍: سمیع اللّٰہ خان

iklan
Comments
Commentsyang tampil sepenuhnya tanggung jawab komentator seperti yang diatur UU ITE
  • Stars Rally to Beat Predators in Winter Classic at Cotton Bowl