نرسنگھانند صرف مسلمانوں کا ہی نہیں اس ملک کا بھی دشمن ہے۔
(ڈاکٹر خالد پرویز)
ایڈیشنل ایس پی اور شہر ڈی وائے ایس پی نے اس حساس مسئلے پر توجہ دے کر شہریوں کے مشترکہ مطالبے کو پورا کیا اس کے لیے ہم پولیس ڈپارٹمنٹ کے شکر گزار ہیں .. (ڈاکٹر رئیس احمد رضوی)۔
.............................................
مالیگاؤں / (پریس ریلیز ) رضا اکیڈمی کے ایک وفد نے آج بھی گستاخ رسول نرسنگھانند کے معاملے میں ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی اور ڈی وائے ایس پی لتا دونڈے میڈم سے سٹی پولیس اسٹیشن پہنچ کر ملاقات کی اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان مبارکہ میں گستاخی کرنے والے نرسنگھانند کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ، اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی نے کہا کہ مذہبی جذبات مجروح کرنے والے اس سنگین معاملے میں شہر کی کئی تنظیموں نے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ مشترکہ طور پر ایف آئی درج کی جائے ، جس پر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی اور رضوی سلیم شہزاد نے کہا کہ یہ بہت بہتر فیصلہ ہے، اس گفتگو کے دوران دونوں اعلیٰ افسران نے وفد کو آزاد نگر پولیس اسٹیشن پہنچ کر ایف آئی آر درج کرنے کی صلاح دی جس کے مطابق یہ وفد آزار نگر پولیس اسٹیشن پہنچا، دوپہر ساڑھے تین بجے ایف آئی آر درج کروانے کی کارروائی شروع کی گئی، اس موقع پر مجلس اتحاد المسلمین کے ڈاکٹر خالد پرویز، مولانا عبداللہ کے علاوہ رضا اکیڈمی کے ڈاکٹر رئیس احمد رضوی، رضوی سلیم شہزاد، حافظ شریف احمد رضوی، نذیر احمد یادگار، حاجی بھائی رکشہ والے اور غلام فرید موجود رہے،
موصولہ اطلاع کے مطابق ایف آئی آر ڈاکٹر رئیس احمد رضوی (رضا اکیڈمی)، مولانا عبداللہ (مجلس اتحاد المسلمین) اور حاجی یوسف الیاس (سنی جمیعتہ العلماء)
کی جانب سے مشترکہ طور پر درج کروائی گئی،
اس تعلق سے ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے اظہار خیال کرتے ہوئے مالیگاؤں پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی روز سے ہم مسلسل ایڈیشنل ایس پی اور شہر ڈی وائے ایس پی کے رابطے میں رہے، ہمیں خوشی ہے کہ شہر کی مسلم تنظیموں، سیاسی جماعتوں اور شہریوں کے پرزور مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی اور ڈی وائے ایس پی نے نرسنگھانند کے خلاف ایف آئی درج کرنے میں دلچسپی لی، ایم آئی ایم کے ڈاکٹر خالد پرویز نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان مبارکہ میں توہین اور گستاخی کے ذریعے جو مذہبی منافرت پھیلانے کا کام نرسنگھانند کے ذریعے ہورہا ہے، اسے روکنے اور اس بدبخت کو قانون کے تحت سزا دلوانے کے لیے ہم آئندہ بھی سرگرم رہیں گے، موصوف نے کہا کہ یہ صرف پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کا ہی دشمن نہیں بلکہ اس ملک کا بھی دشمن ہے، رضوی سلیم شہزاد نے کہا کہ ایف آئی آر درج کروانے کے بعد خاموش بیٹھنے کی بجائے اس گستاخ کے خلاف قانونی اقدامات کو آگے بڑھانے اور اسے گرفتار کروانے کے لیے رضا اکیڈمی شہر کے ممتاز وکلاء کی رہنمائی میں قانونی جدوجہد بھی کرتے رہے گی، سنی جمیعتہ العلماء کے حاجی یوسف الیاس نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی عزت اور محبت سے بڑھ کر ہمیں اور کوئی چیز منظور نہیں، نرسنگھانند کے خلاف مسلمانوں کے ملک گیر احتجاج کے ذریعے یہی پیغام دیا جارہا ہے، آپ نے کہا کہ جو شخص مذہبی منافرت پیدا کرکے پورے ملک کے امن وسکون کو برباد کرنے کی ناپاک سازش کر رہا ہے اسے فوراً گرفتار کرکے جیل میں بھیجا جائے اور قانون کے تحت سخت سزا دی جائے یہی ہمارا مطالبہ ہے۔
.............................................