ہندوستان کے نامور عالم دین ،مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سرپرست، بہار، اڑیسہ، جارکھنڈ امارت شرعیہ کے امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب کی رحلت کے موقع پر لکھا ایک کلام احبابِ گراں قدر خدمت میں
اک ستارے نے سمیٹی آج اپنی روشنی
آسماں کی سمت لوٹی آسماں کی روشنی
وہ ستارہ جب تلک روشن رہا زندہ رہا
سب کو چمکاتا رہا ہر آن تابندہ رہا
سب کے حق میں خیر کے اسباب وہ کرتا رہا
سب کو اپنے علم سے سیراب وہ کرتا رہا
قوم و ملت کے لیے جینا رہا اس کی شناخت
قوم کا زخمِ جگر سینا رہا اس کی شناخت
ہر گھڑی سرگرم تھا کرتا نہ تھا آرام وہ
جگ میں پھیلاتا رہا اللہ کا پیغام وہ
اس کا اک منشاء رہا، اس کا رہا بس اک اصول
دہر میں قائم رہے دینِ خدا دینِ رسول
راہِ حق پر داعئ حق چل رہا تھا بے تکان
اس کی اس محنت کے شاہد ہیں زمین و آسمان
بس رسول اللہ کے پیغام کی تبلیغ میں
وقف کر دی زندگی اسلام کی تبلیغ میں
اس کے دل میں تھی سمائی مذہب و ملت کی خیر
وہ رواں تھا دن کو دن اور شب کو شب سمجھے بغیر
سب سے وہ ملتا رہا لوگوں کو سمجھاتا رہا
عمر بھر بھٹکے ہوؤں کو راہ پر لاتا رہا
سادگی اس کا چلن سنجیدگی اس کا شعار
اس کے لہجے سے جھلکتا تھا ہمیشہ انکسار
معترف ہیں اس کی حکمت کے سبھی علمائے دین
مہکی ہے اس پھول سے ہندوستاں کی سر زمین
لے کے وہ جیتا رہا سینے میں غم اسلام کا
اس کے ہاتھوں میں رہا ہر دم علم اسلام کا
ملک میں جب بھی چلی ہے دشمنانِ حق نے چال
وہ مسلمانوں کے حق میں بن گیا مضبوط ڈھال
اس ستارے کی ضیا سے تھا زمانہ فیضیاب
وہ ستارہ جس نے چمکائے ہیں لاکھوں ماہتاب
بجھ گیا وہ دوسروں کو دے کے اپنی روشنی
اس ستارے کی مگر موجود ہے تابندگی
اس ستارے کی ضیا مدھم نہیں ہوگی کبھی
اہلِ دیں میں اس کی عظمت کم نہیں ہوگی کبھی
قوم کے حق میں کیا ہے زندگی بھر اس نے کام
ہے دعا رب سے وہ پائے خلد میں اعلی مقام
وہ صلہ پاجائے اپنے جذبۂ بے تاب کا
قرب پائے وہ رسول اللہ اور اصحاب کا
ہے دعا دل کی کہ اس کے بخت میں جنت رہے
اور اس پر ہرگھڑی اللہ کی رحمت رہے
🖋️ فرحان دِل ـ مالیگاؤں ـ
📞 9226169933