ممبئی:۔(محمد یوسف رانا) صوبے میں جاری جزوی لاک ڈاون کی تاجروں اور دیگر طبقات کی جانب سے مخالفت کے باوجود ریاستی امداد اور بحالی کے وزیر وجئے ویڈیٹوار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعدادکےپیش نظر ریاست کو کم ازکم تین ہفتوں کے سخت لاک ڈاون کی ضرورت ہے۔ کرونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ریاستی حکومت نے جمعہ کی رات ۸؍بجے سے پیر کی صبح۷؍بجے تک پورے مہاراشٹر میں سخت لاک ڈاون لگانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے یہ فیصلہ سیاسی پارٹیوں سمیت تمام فریقوں سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد کیا ہے۔لیکناس کے باوجودبھی اس کی مخالفت اورپابندیوں میں نرمی کا مطالبہ بھی مسلسل کیا جارہا ہے۔ مگر ریاستی وزیر وجئے ویڈیٹیوار کے بیان سے یہ بات واضح ہے کہ ایسا ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔وزیر نے مزید کہا کہ دل کے مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد مہاراشٹر میں ہے روزآنہ۵۰؍ہزار سے نئے زیادہ مریض کی تشخیص کی جا رہی ہے۔ اس مقابلے میں صحت عامہ کی سہولیات پر ایک دباو لگتا ہے ایسی صورتحال میںمریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنا ایک چیلنج ہے جبکہ صحت کا نظام ویکسینیشن میں شامل ہے۔تو پابندیوں میں نہ صرف سختی کی جانی چاہئے بلکہ لاک ڈاون کو مسلسل تین ہفتوں تک جاری رکھنے کی بھی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاویک اینڈ لاک ڈاؤن کی بہت ضرورت تھی۔ بڑھتے ہوئے کورونا مریضوں کی موجودہ شرح پر غور کرتے ہوئے ویک اینڈ لاک ڈاؤن کافی نہیں ہے۔ کیونکہ اگلے دس دنوں میں کرونا کے مریضوں کی کل تعداد۱۰؍ لاکھ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہم کتنے ہی اقدامات کریں گے ، افرادی قوت کم ہوگی۔ ڈاکٹروں ، نرسوں کی کمی ہوگی۔ یہ سب کہاں سے آئے گا؟ کم از کم تین ہفتوں کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کی ضرورت ہوگی۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر کی حیثیت سے میں آج یہ درخواست وزیر اعلی سے کروں گا۔ سخت لاک ڈاؤن کے بغیر زندگیاں بچانا ناممکن ہے۔ ایک طرف مہاراشٹر میں صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اور دوسری طرف مرکزی حکومت مہاراشٹر کونظر انداز کر رہی ہے۔ اسی لئے ہمیں لاک ڈاؤن کی ضرورت ہے۔ '
انہوں نے مزید کہا کہ حفظان صحت کے نظام کو درہم برہم ہونے سے روکنے کے لئےممبئی کی لوکل ٹرینوں میں بھی بھیڑ بھاڑ کم کرنے کی بھی ضرورت ہے ضروری ہوگیا ہے کہ مقامی سفر پر بھی پابندیاں عائد کی جائیں۔