ایم ودود ساجد
عدالتی کارروائیاں بعض اوقات ناقابل قیاس ہوتی ہیں ۔ آپ اندازہ نہیں لگا سکتے کہ عدالت کا حتمی رویہ کیا ہوگا۔ ممبئی ہائیکورٹ نے آج اس سے بھی کچھ قدم آگے جاکر وہ فیصلہ سنادیا ہے جس کی توقع نہیں تھی۔
عدالت نے ممبئی کے سابق پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ کی رٹ پر وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف سی بی آئی انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔۔ اس کے بعد انل دیشمکھ نے استعفیٰ کا اعلان کردیا ہے۔
امبانی کے گھر کے باہر جیلیٹن کی چھڑیوں سے بھری جو کار ملی تھی اس کے قضیہ نے اتنا طول پکڑ لیا کہ حکومت مہاراشٹر نے ممبئی پولیس کمشنر پرم بیر سنگھ کا ایک غیر اہم عہدہ پر تبادلہ کردیا۔ وہ سب انسپکٹر سنجے وازے گرفتار ہوگیا جس کو 17 سال تک معطل رہنے کے بعد بحال کردیا گیا تھا اور جسے وزیر داخلہ یا وزیر اعلیٰ نے اہم ذمہ داریاں سونپ رکھی تھیں ۔۔
پرم بیر سنگھ نے اپنا تبادلہ ہوتے ہی وزیر داخلہ انل دیشمکھ کے خلاف سنگین الزامات عاید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کو ایک خط لکھا اور بتایا کہ انل دیشمکھ ہر مہینہ 100 کروڑ روپیہ وصول کرکے دینے کا دباؤ بنارہے تھے۔۔ پرم بیر سنگھ نے ممبئی ہائیکورٹ میں رٹ دائر کرکے اپنے الزامات کی سی بی آئی سے تفتیش کرانے کی بھی اپیل کر ڈالی۔۔
چار روز پہلے ممبئی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی بینچ نے پرم بیر سنگھ سے جو سخت قانونی سوالات کئے تھے ان کی روشنی میں نہیں لگتا تھا کہ بغیر ایف آئی آر کے انل دیشمکھ کے خلاف سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا جاسکتا ہے۔۔ عدالت نے آج کیلئے فیصلہ "ریزرو" کرلیا تھا۔۔
آج عدالت نے سی بی آئی کو حکم دیدیا ہے کہ وہ 15 دنوں کے اندر ابتدائی تفتیش کرے۔۔ اس کے بعد سی بی آئی کے ڈائریکٹر فیصلہ کریں گے کہ مزید تفتیش کرنی ہے یا نہیں ۔۔ بہر حال اب معاملہ بہت پیچیدہ بھی ہوگیا ہے اور بہت واضح بھی۔۔
اب تفتیش کی آگ وزیراعلیٰ تک بھی پہنچے گی۔۔ سی بی آئی سمیت تمام مرکزی تفتیشی اور مواخذہ جاتی ایجنسیاں کس طرح کام کر رہی ہیں یہ اب ہر کوئی جان چکا ہے۔۔ اب صرف یہ جاننا باقی ہے کہ مہاراشٹر کی سہ جماعتی مخلوط حکومت کب اپنے انجام کو پہنچتی ہے۔۔