یوپی میں غنڈہ راج بڑھتا ہی جارہا ہے ۔ عصمت دری اور قتل وغارت گری تو جیسے معمول بن چکا ہے۔ یوپی میں شریف اور سیدھے سادھے لوگوں کا جینا دو بھر ہوچکا ہے۔
31 مارچ 2021 کو یوپی کے آگرہ سے ایک سنسنی خیز و شرمسار کردینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ آگرہ میں بندوق کی نوک پر تین بد معاشوں نے شادی شدہ خاتون کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی اور اس حادثے کی ویڈیو بھی بنالی۔ خاتون کی شکایت پر پولس نے مقدمہ کا اندراج کرلیا ہے اور ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
حاصل تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ آگرہ، اعتماد پور پولس اسٹیشن حدود کا ہے۔ خاتون نے شکایت درج کرائی کہ جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ موٹرسائیکل پر جھرنا نالے کے پاس پہنچی تو بائیک پر سوار تین افراد نے بندوق بتاکر اسے روک لیا اور پھر بندوق کی نوک پر اسے جنگل میں لے گئے جہاں تینوں نے اس کے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے عصمت دری کی اور اس معاملے کی ویڈیو بھی بنالی۔ خاتون نے مزید الزام لگایا کہ بد معاشوں نے اس کے زیورات اور 10 ہزار روپے بھی لوٹ لئے۔
اس معاملے میں تینوں ملزمان کے خلاف 376 ڈی، 506، اور 394 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ملزمین خاتون کو پہلے سے ہی جاننے والوں میں سے ہیں۔ ایس پی ویسٹ ستیہ جیت گپتا کی نگرانی میں اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔