عزم محکم ہوتو ہوتی ہیں بلائیں پسپا
افشاں قریشی کا خواب تھا کہ میں پائلٹ بن کر ہوائی جہاز اڑاوں گی اور اس نے کردکھایا
محمد یوسف رانا
کہتے ہیں ممبئی خوابوں کی نگری ہے جو اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے دن رات لگن سے محنت کرتا ہے کامیابی اس کے قدم چومتی ہے۔ اس کی تازہ مثال ممبئی سے متصل بھائیندر علاقے میں ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والی ایک مسلم لڑکی کی ہے جس نے اپنے دل میں ٹھان لیا تھا کہ مجھے پائلٹ بن کر ہوائی جہاز اڑانا ہے اور انہوں نے یہ کرکے دکھادیا۔
افشاں قریشی نامی اس لڑکی نے ممبئی سے الیکٹرانک انجینئرنگ مکمل کرنے کے بعد امریکہ جا کر پائلٹ کی ٹریننگ حاصل کرکے وہیں سے پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا۔ حالانکہ افشاں کی قابلیت کی وجہ سے انہیں بیرون ممالک میں ۵۰؍ہزا روپئے ماہانہ تنخواہ کی نوکری مل رہی تھی لیکن وہ بیرون ملک میں ملازمت کرنے کے بجائے اپنے ملک میں ہی اپنے خوابوں کوعملی جامہ پہنانے نیز یہیں ملازمت کرنے کی خواہشمند تھیں۔ افشاں نےاپنی اس کامیابی کے لئے اپنے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ بارہویں سائنس سے مکمل کرنے کے بعدمیں گریجویشن نہ کرتے ہوئے انجینئرنگ کرنا چاہتی تھی میرے والد ہمیشہ مجھے سپورٹ کرتے ہیں۔الیکٹرانک ٹیلی کام انجینئرنگ جیسے ہی میں نے ٹاپ کیا مجھے فوراً سالانہ6؍لاکھ،مہینے کے ۵۰؍ہزار والی نوکری مل گئی مگر میرے والد نے کہا کہ ہمیں آپ سے نوکری نہیں کروانا ہے اس لئے میں نے اسے ٹھکرا دیا۔اس کے بعد میں گم صم رہنے لگی پانچ چھ مہینے اسی طرح گزرنے کے بعدایک مرتبہ فجر کی نماز کے بعد میرے والد نے مجھ سے افسردہ رہنے کی وجہ پوچھی تو میں نے بتایا کہ مجھے پائلٹ بننا ہے۔میرے والد نے کہا کہ میں آپ کے ساتھ ہوں آپ پائلٹ بنیں ۔اس کے بعد میں نے پائلٹ بننے کی ٹریننگ لینے کے لئے مختلف ٹیسٹ کروائے جو کہ ضروری تھامیڈیکل کے بعدمجھے بتایا گیا کہ اگر آپ ہندوستان سے باہر امتحان دیتے ہیں تو۳؍پیپر دینے ہونگےاور ہندوستان سے کروگے تو۵؍پیپر دینا ہوگا میں نے باہر سے دیا اور فلائنگ کی ٹریننگ کے لئے چلی گئی جو کہ۸؍مہینوں کا کورس ہوتا ہے مگر کرونا کی مہاماری کی وجہ سے مجھے۱۰؍ مہینے لگ گئے۔میں نے پائلٹ بننے کا خواب ۱۰؍مارچ۲۰۱۹؍کو دیکھا تھا جو کہ ۱۰؍مارچ۲۰۲۰؍ کو شرمندہ تعبیر ہوا اور میرے پہلی فلائٹ اسی دن ہوئی۔
نوجوان لڑکیوں کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بھی گھر کی چہار دیواری سے باہر نکلیں،مجھے یقین ہے کہ ہر بچی کے اندر اللہ نے ایک ہنر پوشیدہ رکھا ہےاسے باہر نکالنے کی ضرورت ہے میں بچوں کے والدین سے گزارش کرتی ہوں کہ آپ لوگ اپنے بچوں کے ارمانوں، تمناوں اور ترقیوں کی بلندیوں کو اجاگر کریں، ان کی امنگوں کو سمجھیں،پرکھیں بچہ مستقبل میں جو بھی بننا چاہتا ہے اسے بننے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ آپ کا بچہ بھی ایک دن کچھ بن کر ہندوستان کی خدمت کر سکے۔