۔15 لاکھ رشوت معاملے میں ڈاکٹر منظور حس ایوبی کو تین دنوں کی پولس حراست۔ رشوت لینا مہنگا پڑا۔
مالیگاؤں، گذشتہ دنوں ڈاکٹر منظور حسن ایوبی اور دیگر ملزمین پر نوکری کے نام پر 15 لاکھ کی دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ اسی معاملے میں آج 18 جنوری 2021 کو کورٹ کی جانب سے 3 دنوں کی پولس کسٹڈی ( حراست) میں بھیج دیا گیا ہے۔
حاصل ہوئی تفصیلات کے مطابق اسلام نگر میں واقع شٹی زن ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے ماتحت چلنے والی سردار ہائی اسکول میں ملازمت دینے کے نام پر سوسائٹی کے چئیرمین ڈاکٹر منظور حسن ایوبی ، پروین ڈاکٹر منظور اور شاداب احمد شکیل احمد کے علاوہ نوید انور صغیر احمد نے 25/5/2016 سے 2/11/2020 کے درمیان 31 سالہ فریادی سے نوکری دینے کے نام پر 15لاکھ کا جھانسہ دیا تھا۔
اس معاملے میں گناہ داخل ہونے کے بعد ملزم ڈاکٹر منظور حسن ایوبی نے قبل از وقت ضمانت کے لئے 12 جنوری اور 15 جنوری 2021 کو ممبئی ہائی کورٹ میں عریضہ داخل کیا تھا۔ مگر اس معاملے میں ممبئی ہائی کورٹ نے ضمانت کا عریضہ رد کردیا۔ اس کے بعد آزاد نگر پولس نے ملزم ڈاکٹر منظور حسن ایوبی کو مقامی کورٹ میں پیش کیا۔ اس کے بعد کورٹ میں ایڈوکیٹ عظیم عظیم خان اور ایڈوکیٹ توصیف احمد نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے معزز جج صاحبہ سے کہا کہ ڈاکٹر منظور حسن ایوبی 75 لاکھ کی گاڑی میں گھومتا ہے 15 لاکھ لے کر کیا کرے گا ؟، فریادی ملزمین کو بدنام کررہا ہے۔ اسی درمیان سرکاری وکیل نے دفاع کرتے ہوئے کورٹ کو بتایا کہ یہ معاملہ تعلیم کا ہے اس لئے گرانٹ معاملے میں ایجوکیشن آفیسر سے قانونی معلومات حاصل کی جائے۔ اس کے بعد معزز جج صاحبہ نے ڈاکٹر منظور حسن ایوبی کو 21 جنوری 2021 تک پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات صادر کئے۔
کورٹ احاطہ میں ملزمین کی حمایت میں 7 سے 8 دیکھے گئے۔ یاد رہے مذہبی و تعلیمی شہر میں اس طرح کے سنگین غبن کا معاملہ اجاگر ہونے پر تعلیمی حلقوں میں جم کر چرچا جاری ہے۔
معلوم ہوکے گذشتہ ماہ بھی فارمیسی کالج کے پرنسپل پر 377 کا معاملہ درج ہوا تھا۔ تعلیمی درس گاہوں میں اس طرح کے واقعات مسلم سماج پر بدنما داغ کے مترادف ثابت ہورہے ہیں۔