مالیگاوں (نامہ نگار) 30 : مالیگاوں شہر میں کارخانہ مزدور ہو ، گانٹھ پریس مزدور ہو یا دیگر شعبوں میں کام کرنے والے مزدور ہوں ، یہ حکومتی اسکیموں اور سہولیات سے محروم رہتے ہیں ۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہیکہ ان مزدوروں کو حکومتی سہولیات مہیا کروانے کےلئے موثر رہنمائی نہیں مل پاتی ، کوئی حادثہ ہوجائے یا مزدور بیمار ہو، یا مندی کا شکار ہوجائے ، کارخانہ اور گانٹھ پریس بند ہو جائیں ، اس کا نقصان مزدوروں کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔
کچھ سرمایہ داروں کے علاوہ ان مزدوروں کو کوئی بھی کھوٹی دینے کے لئے تیار نہیں رہتا ۔ صنعتی بحران اور دگرگوں حالات کی مرکزی و ریاستی حکومت کی دیگر اسکیمات سے مزدور کس طرح فیضیاب ہوسکتے ہیں ، انہیں حکومت کی جانب سے کیا کیا سہولیات مل سکتی ہیں۔ اسی سلسلے میں ریاست مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی سے مزدوروں کے حق میں کام کرنے والی سرگرم تنظیم اکھل بھارتیہ شرامک ایکتا یونین کو گانٹھ پریس پیکنگ ورکرس یونین نے
مالیگاوں شہر مدعو کیا ۔
واضح رہے کہ کل بروز اتوار 29 نومبر 2020 کو مالیگاوں گانٹھ پریس ورکرس یونین کے ساتھ شہر کے مشرقی علاقے میں واقع بدر کا باڑہ میں بھارتی شرامک ایکتا یونین کی ایک با مقصد میٹنگ منعقد کی گئی تھی ، اس میٹنگ میں ممبئی سے تشریف لائے مذکورہ یونین کے ذمہ داران نے مقامی گانٹھ پریس ورکرس کو اس بات کا تیقن دیا کہ وہ مزدوروں کے لئے ریاستی و مرکزی حکومت سے سہولیات فراہم کروائیں گےاور مزدوروں کے درپیش مسائل حل کرنے میں کوشاں رہیں گے ۔
اس میٹنگ میں اکھل بھارتی شرامک ایکتا یونین کے قومی صدر موہن آر دیویندر ، قومی جنرل سیکرٹری پرسن کمار ، ممبئی جنرل سیکرٹری عباداللہ رزاق بھولے اور مہاراشٹر سیکریٹری روی پالانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مزدوروں کے مسائل پر تفصیلی گفتگو کی اور انہیں حکومتی سہولیات سے روشناس کرانے کی یقین دہانی کروائی ۔ اس میٹنگ میں مالیگاوں گانٹھ پریس پیکنگ ورکرس یونین کے مقامی صدر انور خان شمشیر خان ، نائب صدر رفیق شاہ ، جنرل سیکرٹری اکبر خان دولت خان ، جعفر شیخ ، امجد خان منیر خان کے علاوہ دیگر مزدور موجود رہے ۔ یاد رہے کہ یہ میٹنگ مالیگاوں گانٹھ پیکنگ ورکرس یونین کی جانب سے منعقد کی گئی تھی ۔